سپریم کورٹ نے آج 1998ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکے کے دو ملزمین کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جس کے بعد اصغر قادر شیخ اور محمد یعقوب عبدالمجید 24 سال بعد جیل سے رہا ہوں گے اور باہر کی دنیا دیکھیں گے۔ ان دونوں پر ممبئی لوکل ٹرین میں بم دھماکہ کرنے والی ٹولی کے اہم رکن ہونے کا الزام ہے جبکہ انہیں نچلی عدالت سے عمر قید کی سزا ملی تھی جسے بامبے ہائی کورٹ نے برقرار رکھا تھا۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر لیگل سیل کے سربراہ گلزار اعظمی نے بتایا کہ آج معزم ججس اے ایس بوپنا اور سدھانشو دھولیہ پر مشتمل سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ نے محمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی عرضی پر سماعت کی اور ان کی ضمانت کو منظوری دے دی۔ سماعت کے دوران سینئر ایڈوکیٹ نتیا راما کرشنن نے عدالت کو بتایا کہ عرض گذار گذشتہ چوبیس سالوں سے جیل میں قید ہیں اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف داخل اپیل تقریباً دس سالوں سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور مستقبل قریب میں اپیلوں پر حتمی بحث ہونے کے امکانات نہیں ہیں لہذا عرض گذاروں کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے مشروط ضمانت پر ملزمین کی رہائی کا حکم دیا۔
عدالت میں مقدمہ کی جمعیۃ علما کی جانب سے کامیاب پیروی کی گئی جس کے بعد دونوں ملزمین کی رہائی کا راستہ صاف ہوا۔
Two accused in Mumbai train bomb blast 1998 granted bail in Supreme Court
ممبئی ٹرین بم دھماکہ 1998 کے دو ملزمین کی سپریم کورٹ میں ضمانت منظور، محمد یعقوب اور اصغر قادر 24 سال بعد جیل کے باہر آئیں گے