محمد سراج دنیا کے نمبر 1 گیند باز

ٹیم انڈیا کے فاسٹ بولر محمد سراج نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق محمد سراج نے گذشتہ 12 ماہ کے دوران عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کو پیچھے چھوڑ دیا اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔
حیدر آباد دکن سے تعلق رکھنے والے محمد سراج گذشتہ سال فروری میں تین سال کے طویل وقفے کے بعد انڈیا کی ونڈے ٹیم میں واپس آئے تھے جس کے بعد انہوں نے اس فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

28 سالہ فاسٹ بولر نے انڈیا کی جانب سے سال بھر میں 37 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھی شامل کیا گیا تھا جس کے بعد وہ ون ڈے کی رینکنگ میں بھی پہلے نمبر پر آںے میں کامیاب ہوگئے۔
سری لنکا کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں انہوں نے نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں سراج نے دو میچز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جس میں پہلے میچ میں چار وکٹیں بھی شامل تھیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد کپتان روہت شرما بھی محمد سراج کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے۔ روہت شرما نے پیسر کے بارے میں کہا کہ ’انہوں نے بہت اچھا کھیلا ہے۔ وہ یہ بات سمجھتے ہیں کہ ٹیم کی ان سے کیا توقعات ہیں۔ میچ میں آنا، نئی گیند کو لینا اور سوئنگ کر کے وکٹیں حاصل کرنا وہ بھی مڈل اوورز میں، اس سے یہ پتا چلتا ہے کہ ان کے پاس قابلیت ہے۔ وہ جتنا زیادہ کھیلتے جا رہے ہیں، بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔‘
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں محمد سراج پہلے، آسٹریلوی بولر جوش ہیزل وُڈ دوسرے، کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ تیسرے، آسٹریلیا کے مچل سٹارک چوتھے، افغان سپنر راشد خان پانچویں، آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زمپا چھٹے، بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن ساتویں، پاکستانی بولر شاہین شاہ آفریدی آٹھویں، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نویں جبکہ افغانستان کے مجیب الرحمان دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں