پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے کہا ہے کہ نہ صرف ان کے اور ان کی اہلیہ بلکہ پوری دنیا کے جوڑوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔ شعیب ملک نے مذکورہ بیان اہلیہ ثانیہ مرزا سے کشیدہ تعلقات اور طلاق کی افواہوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں دیا۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان گزشتہ 6 ماہ سے کشیدہ تعلقات اور طلاق کی افواہیں زیر گردش ہیں اور کافی عرصے سے دونوں نے ایک ساتھ سوشل میڈیا پر کوئی تصویر یا تازہ ویڈیو بھی شیئر نہیں کی۔
گزشتہ 6 ماہ کے دوران اختلافات اور طلاق کی خبروں پر کوئی وضاحت نہیں کی اور اب عیدالفطر کے موقع پر شعیب ملک نے اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے درمیان اختلافات نہیں ہیں۔
ثانیہ مرزا سے اختلافات اور علیحدگی کے سوال پر انہوں نے مبہم انداز میں بتایا کہ ایسی کوئی بات نہیں، وہ اپنی اپنی مصروفیات کی وجہ سے ایک ساتھ نہیں۔ انہوں نے واضح طور پر ایسا نہیں کہا کہ ان کی علیحدگی یا طلاق کی خبریں بے بنیاد ہیں، تاہم انہوں نے سوال کیا کہ دنیا میں ایسا شادی شدہ کون سا جوڑا ہے، جن کے درمیان اختلافات نہیں ہوتے؟
انہوں نے تاثر دیا کہ ان کے اور ثانیہ مرزا کے درمیان کسی طرح کے کوئی سنجیدہ اختلافات نہیں ہیں، وہ اپنی اپنی مصروفیات کی وجہ سے الگ ہیں، تاہم انہوں نے واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ ان کے درمیان کوئی تنازعات نہیں ہیں۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی۔ شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔