صدر بائیڈن نے آج منگل کوریاست نیویارک کے شہر بفلو میں ان سوگوار خاندانوں سے ملاقات کی ، جن کے عزیز اور پیارے ایک سفید فام نسل پرست کی اندھا دھند فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ صدر نے بیہمانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ امریکہ میں بدی کبھی فتح یاب نہیں ہوگی۔ اس فائرنگ کے نتیجےمیں دس سیاہ فام ہلاک ہو گئے تھے۔
متاثرہ خاندانوں، مقامی حکام اور امدادی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکہ کا تنوع اس کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل نفرت اقلیت کے ہاتھوں قوم کو تباہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت امریکی جمہوریت خطرے میں ہے۔ نفرت اورخوف کی فضا کوان لوگوں نے اورزیادہ تقویت دی جو یہ ظاہر کرتے رہے کہ وہ امریکہ سے بہت پیار کرتے ہیں، جب کہ دراصل وہ امریکہ کو سمجھ نہیں سکے۔