حیدرآباد (دکن فائلز) اڈیشہ کے بالاسور میں پیش آئے بھیانک ٹرین حادثہ میں مرنوں کی تعداد 233 ہوگئی جبکہ اس دلخراش واقعہ میں 900 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق اڈیشہ میں مسافر اور مال بردار ٹرین میں ٹکر کے نتیجے میں اب تک 233 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حاثہ کے نتیجے میں شالیمار چنئی کورومنڈل ایکسپریس کی آٹھ بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔ حادثہ جمعہ 2 جون کی رات 7 بج کر 20 منٹ پر اڈیشہ کے بالاسور میں پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق مسافربردار ٹرین مغربی بنگال کے شالیمار ریلوے اسٹیشن سے چنئی سینٹرل اسٹیشن کی طرف جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق حادثہ انتہائی شدید تھا، حادثہ کے مقام پر ہولناک مناظر دیکھے گئے اور ایسا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے ہوسکتا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق کولکتہ سے چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس (مسافر ٹرین) پٹری سے اتری اور مخالف ٹریک پر گر گئی۔ رپورٹس میں کہا گیا کہ بہت سے لوگ ابھی بھی پھنسے ہوسکتے ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے حادثہ پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور ایک ٹوئٹ میں کہا کہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ افراد کو “ہر ممکن مدد” دی جا رہی ہے۔ اس حادثہ پر صدر جمہوریہ، نائب صدر، مرکزی وزیر ریلوے، اڈیشہ کے چیف منسٹر، مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ کے علاوہ دیگر سیاسی و اہم شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔