حیدرآباد میں پرانے شہر کے میرچوک علاقہ میں 17 جون کی آدھی رات کو فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد سنسنی پھیل گئی۔ اطلاعات کے مطابق مکان کی خریدی کے معاملہ میں دونوں فریقین میں جھگڑا ہوا تو ایک فریق کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔
حیدرآباد کے میر چوک میں فائرنگ سے افراتفری مچ گئی۔ ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ مسعود علی نے ہوائی فائرنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق عرفات نامی ایک شخص نے چند روز قبل مکان خریدا۔ تاہم گزشتہ کچھ دنوں سے اس حوالے سے دونوں فریقین کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ اس معاملے میں دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور وہ عدالت بھی گئے۔
ایک تلگو نیوز پورٹل کے بموجب اس واقعہ میں دونوں طرف کے لوگوں نے ایک دوسرے پر پتھروں اور لاٹھیوں سے حملہ کیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں فریقین کو گرفتار کر لیا۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
