اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد۔۔ آسٹریلیا کی 30 خواتین دائرہ اسلام میں داخل، غزہ میں مسلمانوں کے عزم و حوصلے سے بیحد متاثر (ایمانی جذبہ سے سرشار ویڈیو ضرور دیکھیں)

(ایجنسیز) غزہ کے مسلمانوں کے اسرائیلی جارحیت کے خلاف عزم و حوصلے سے متاثر ہوکر آسٹریلیا کی 30 خواتین نے ایک ساتھ اسلام قبول کر لیا ہے۔ غزہ میں ڈھائی ماہ سے جاری اسرائیلی کی وحشیانہ جارحیت کے خلاف فلسطینی مسلمانوں کا عزم وحوصلے اور ثابت قدمی سے حق پر ڈٹے رہنا دنیا میں امن کے مذہب اسلام کا پرچار کر رہا ہے اور لوگ تیزی سے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر اس کے دامن میں پناہ لے رہے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ آسٹریلیا میں پیش آیا ہے جہاں ایک یا دو نہیں بلکہ 30 خواتین ایک ساتھ دائرہ اسلام میں داخل ہو گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق قبول اسلام کی یہ روح پرور تقریب آسٹریلوی شہر میلبرن میں واقع میڈو ہائٹس مسجد میں منعقد ہوئی جہاں 30 خواتین نے کلمہ پڑھ کر اپنے مسلمان ہونے کا اقرار کیا۔

ترک میڈیا کی جانب سے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں عبایا زیب تن کیے خواتین کو باری باری مبلغ کی مدد سے کلمہِ شہادت پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بعد ازاں نو مسلم خواتین نے اپنے تاثرات کا بھی اظہار کیا۔ نومسلم خاتون کرسٹین کرنوگوناک نے کہا کہ اسلام میں ایک خدا کے تصور سے اپنے گہرے تعلق کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد ان کے دلوں کو چھو گئی جس کے باعث انہوں نے اسلام قبول کیا ہے۔

ایک اور نو مسلم خاتون جیکولین ریٹزاک کا کہنا تھا کہ اسلام قبول کرکے بہت سکون ملا ہے۔ ان کا بھی یہی کہنا تھا کہ ایسا قدم انہوں نے غزہ کے حالات دیکھ کر اٹھایا اور اب میری خواہش ہے کہ اسلام اور اللہ کے مزید قریب ہوں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل امریکی ٹک ٹاکر میگن رائس اور ایبی بھی دائرہ اسلام میں داخل ہو چکی ہیں۔ فلسطینیوں کے مضبوط ایمان سے متاثر ہو کر امریکی ٹک ٹاکر نے اسلام قبول کر لیا تھا۔

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو ڈھائی ماہ سے زائد وقت گزر چکا ہے اور اس دوران 21 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے جب کہ 50 ہزار سے زائد زخمی اور لاپتہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں