رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے سے چاروں شنکر آچاریوں کا انکار، کہا ہندوؤں کو بیوقوف بنانے اور انتخابات کےلئے بی جے پی کا اسپانسرڈ پروگرام ہے

حیدرآباد (دکن فائلز) ایودھیا میں رام مندر کی ’پران پرتشٹھا‘ میں ہندو دھرم کے چاروں شنکراچاریہ شرکت نہیں کریں گے۔ تقریب پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے پوری پیٹھ کے شنکر اچاریہ سوامی نشچلانند سرسوتی نے کہاکہ ’ہم اس تقریب میں تالی بجانے کے لیے تھوڑی نہ جائیں گے‘۔ ایسے میں مرکز کی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ ایودھیا میں 22 جنوری کو منعقد ہونے جا رہی اس تقریب کے ذریعہ ووٹ بینک کی سیاست کر رہی ہے۔ کانگریس نے بھی بی جے پی اور آر ایس ایس حملہ کرتے ہوئے تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

حیران کن طور پر ہندو مذہب کے چاروں شنکراچاریوں نے پران پرتشٹھا تقریب پر سوال اٹھاتے ہوئے اس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے تقریب کے انعقاد کے طریقوں پر سخت اعتراض جتایا۔ پوری پیٹھ کے شنکراچاریہ سوامی نِسچلانند سرسوتی کے بعد دوارکا پیٹھ کے شنکراچاریہ سوامی ایوی مکتیشورانند نے بھی پران پرتشٹھا تقریب کی مخالفت کی ہے۔ اس کے علاوہ دو دیگر شنکراچاریوں نے بھی بیانات دیے ہیں اور پروگرام میں شرکت سے صاف طور پر انکار کر دیا ہے۔ سوامی نشچلانند سمیت چاروں شنکراچاریوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں رام للا کی پران پرتشٹھا تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ملا ہے لیکن انہیں صرف ایک شخص کے ساتھ آنے کو کہا گیا ہے۔

نِسچلانند نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ مودی وہاں مجسمہ کو چھوئیں اور وہ ان کے لیے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور جے کا نعرہ لگائیں۔ وہیں، شاردا پیٹھ کے شنکراچاریہ سدانند سرسوتی نے بھی پران پرتشٹھا کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام رام مندر کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ ووٹوں کے بارے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوش کے نامناسب مہینے میں پرانت پرتشٹھا کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا! شنکراچاریہ نے کہا کہ یہ ایک ایسا پروگرام ہے جو براہ راست بی جے پی کے سیاسی مفادات کو پورا کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ سدانند سرسوتی کی اس ویڈیو کو کانگریس کی قومی ترجمان سپریہ شرینیت نے فیس بک پر شیئر کیا ہے۔

اس سلسلہ میں ہندو مہاسبھا اتر پردیش نے بھی ایک ویڈیو شیئر کیا ہے۔ اس ویڈیو کو سرینگری مٹھ کے شنکراچاریہ جگت گرو سوامی بھارتی تیرتھ سے منسوب کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شنکراچاریہ رام للا کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ کہا گیا ہے کہ یہ ہندوؤں کو بیوقوف بنانے اور لوک سبھا انتخابات سے قبل پروپیگنڈہ کرنے کے لیے بی جے پی کا اسپانسرڈ پروگرام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں