بطور وزیراعظم مودی نے رام راجیہ کے مطابق کام نہیں کیا: سبرامنیم سوامی

حیدرآباد (دکن فائلز) ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح سے قبل بی جے پی کے سینئر رہنما و معروف وکیل سبرامنیم سوامی نے ایک بار پھر وزیراعطز نریندر مودی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’مودی پران پرتھیشتا پوجا میں مشغول ہیں، جبکہ ان کی حیثیت پوجا میں صفر ہے اور انہوں نے اپنی ذاتی زندگی میں بھی بھگوان رام کی پیروی نہیں کی، خاص طور پر اپنی بیوی کے ساتھ کیا گیا برتاؤ اور نہ ہی انہوں نے گزشتہ دہائی کے دوران بطور وزیر اعظم رام راجیہ کے مطابق کام کیا ہے‘۔

واضح رہے کہ سبرامنیم سوامی پہلے مودی بھکت ہوا کرتے تھے تاہم کچھ عرصہ سے وہ بی جے پی میں رہ کر مودی کے خلاف سخت ریمارکس کرتے رہتے ہیں۔ گذشتہ ماہ انہوں نے مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’مودی اپنی بیوی کو چھوڑنے کے لیے جانے جاتے ہیں‘۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’ہم رام بھکت کیسے مودی کو ایودھیا میں رام کی مورتی کی پران پرتھیشتا پوجا میں شامل ہونے کی اجازت دے سکتے ہیں، جبکہ رام نے تقریباً ڈیڑھ دہائی تک اپنی بیوی سیتا کو بچانے کےلئے جدوجہد و جنگ کی تھی، وہیں مودی اپنی بیوی کو چھوڑنے کے لیے جانے جاتے ہیں، پھر بھی وہ پوجا کریں گے؟‘

اپنا تبصرہ بھیجیں