پاکستان انتخابات، بھاری الٹ پھیر، کئی مشہور رہنماؤں کو شکست، عمران خان کے حمایتی آزاد امیدواروں کا شاندار مظاہرہ

(ایجنسیز) پاکستان کے عام انتخابات میں کافی الٹ پھیر ہوا ہے اور مشہور سیاسی رہنماوں کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے جبکہ عمران خان نے دھماکے دار وا پسی کرکے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ پاکستان کے عام انتخابات میں مولانا فضل الرحمٰن، جہانگیر ترین اور پرویز خٹک ہار گئے جب کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے کامیابی حاصل کرلی۔

الیکشن 2024 میں اپنے آبائی حلقے سے انتخابی میدان میں اترنے والے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ڈیرہ اسماعیل خان میں علی امین گنڈا پور سے مقابلے میں ہار گئے۔ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں (لودھراں اور ملتان) سے ہار گئے۔

خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر سابق وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان بھی الیکشن میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ دوسری جانب گجرات میں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کو سالک حسین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

وہیں پی ٹی آئی (عمران خان کی پارٹی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوارنے شاندار مظاہرہ کیا۔ عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلے جاری ہے، تازہ موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی کی 74 نشستوں پر آزاد امیدوار (عمران خان کے حایت یافتہ) کامیاب ہوئے ہیں، 49 پر ن لیگ، 39 پر پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم پاکستان 4 اور 1 نشست پر جے یو آئی کامیاب ہوئی ہے۔

پاکستان میں انتخابی نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں