ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی نمازِ جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

(ایجنسیز) ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابرہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان سمیت دیگر کی نماز جنازہ تہران میں ادا کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی میتیں طیارے کے ذریعے تبریز سے تہران لائی گئیں، ایئرپورٹ پر جاں بحق ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ایرانی صدر کو کل آبائی شہر مشہد میں امام علی رضا کے روضہ کے احاطہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر کی نمازِ جنازہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں دسیوں ہزار لوگوں نے شرکت کی جن میں متعدد ممالک کے رہنما بھی موجود تھے۔ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ بھی ابراہیم رئیسی اور دیگر حکام کی نمازہ جنازہ میں شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 2 روز قبل ہیلی کاپٹر حادثے میں وزیر خارجہ اور دیگر سمیت جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد نائب صدر محمد مخبر نے صدارتی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ ایران میں صدارتی انتخاب کے لیے 28 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں