’لاشیں گننے کےلئے تیار رہیں‘ اترپردیش میں مسجد کو دھمکی آمیز خط

حیدرآباد (دکن فائلز) ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں مودی نگر علاقہ کے آدرش نگر کالونی میں واقع ایک مسجد کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے جس کے بعد مقامی مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ’اگر مسجد کا لاؤڈ اسپیکر نہ ہٹایا گیا تو لاشیں گننے کےلئے تیار رہیں‘۔ دھمکی آمیز خط موصول ہونے فوری بعد مسجد کی انتظامی کمیٹی نے مراد نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
تفصیلات کے مطابق مودی نگر کے آدرش نگر کالونی میں سنہری مسجد واقع ہے، آج (ہفتہ) فجر کی نماز ادا کرنے کےلئے جب مصلی مسجد میں داخل ہوئے تو انہیں مسجد کے احاطہ میں ایک دھمکی آمیز خط ملا، جس میں دھمکی دی گئی کہ ’اگر اگر مسجد کے لاؤڈ اسپیکر نہ ہٹائے گئے تو لاشیں گننے کے لیے تیار رہیں‘۔
وکیل وسیم نے فوری طور پر مراد نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ اطلاع ملتے ہی پی ایس انچارج مکیش کمار نے پولیس فورس کے ساتھ مسجد پہنچے۔ اے سی پی نریش کمار نے کہا کہ معاملے کی پوری جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس قریب میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لے رہی ہے اور خط لکھنے والے شخص کے بارے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

دھمکی آمیز خط میں لکھا گیا کہ ’مسلمانو، میری بات غور سے سنو.. اگر مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے آواز آتی ہے، تو لاشوں کو گننے کے لیے تیار رہیں.. اس کے علاوہ مراد نگر کی تمام مساجد کے اسپیکرز کو ہٹادیا جانا چاہئے، نہیں تو سنگین نتائج کا سامنا کرنے کےلئے تیار رہیں‘۔ پولیس خط کو قبضہ میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں