امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار، کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان

حیدرآباد (دکن فائلز) امریکی صدر جو بائیڈن نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بقیہ مدت صدر کے طور پر فرائض کی تکمیل پر توجہ دوں گا۔

81 سالہ جوبائیڈن نے کہا کہ اپنے فیصلہ کے بارے میں بہت جلد قوم سے خطاب کروں گا، میری دستبرداری پارٹی اور ملک کے بہتر مفاد میں ہے۔

جوبائیڈن پرڈیموکریٹ پارٹی کی طرف سے دستبرداری کے لیے شدید دباؤ تھا۔ انہوں نے اپنے بیان عوام کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے صدر کے طور ذمہ داریاں ادا کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔

صدر جوبائیڈن نے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کے لیے موجودہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔ ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ وہ جنوری 2025 میں اپنی مدت کے اختتام تک صدر اور کمانڈر انچیف کی حیثت سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں