حیدرآباد (دکن فائلز) پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون رام گیری کی گرفتاری کا جائز مطالبہ کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں غیور اور باہمت دو نوجوان آفتاب شیخ اور یاسین چودھری گذشتہ چار روز سے ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے غیرمعینہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ نوجوانوں نے رام گیری کی گرفتاری کے بعد ہی احتجاج ختم کرنے کا حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے۔
انقلاب کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں گذشتہ چار روز سے بھوک ہڑتال کررہے مسلم نوجوان یاسین چودھری اور آفتاب شیخ کی گزشتہ شب طبیعت بگڑگئی تھی، ان کا بلڈپریشر کم ہوگیا تھا۔ غیور نوجوانوں کا سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹرز نے معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز نے طبی جانچ کے بعد انہیں بھوک ہڑتال ختم کرکے کچھ کھانے کے کا مشورہ دیا لیکن انہوں نے بھوک ہڑتال ختم کرنے سے انکار کردیا۔ ڈاکٹرز نے انہیں سلائین لگائی۔
عاشق رسولﷺ مسلم نوجوانوں کی طبیعت بگڑنے کی خبر جیسے ہی عام ہوئی سینکڑوں مسلمان احتجاجی مقام پر جمع ہوگئے جس کی وجہ سے علاقہ میں ہجوم جمع ہوگیا۔ بھیڑ کے پیش نظر پولیس نے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔
دونوں باہمت مسلم نوجوانوں کی حمایت میں مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران بھی آگے آئے ہیں۔ اسی سلسلہ میں اتوار کو کل جماعتی تنظیم نے بھی ان کی پرزور حمایت کا اعلان کردیا۔ مفتی ایوب قاسمی نے کل جماعتی تنظیم کے ذمہ داران کےہمراہ بھوک ہڑتال کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی۔