حیدرآباد: نامپلی نمائش میدان میں نامعلوم شرپسندوں نے درگا کی مورتی کو نقصان پہنچایا

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے حیدرآباد میں نامپلی ایگزیبیشن گراؤنڈ میں درگا کی مورتی کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر سال نمائش سوسائٹی کی جانب سے نوراتری تہوار کے موقع پر پروگرام منعقد کیا جاتا ہے جس کےلئے پنڈال میں درگا کی مورتی رکھی گئی تھی۔ جمعرات کی رات کچھ نامعلوم افراد نے برقی کنکشن اور سی سی ٹی وی کیمروں کو منقطع کرکے توڑ پھوڑ کی اور پوجا کا سامان بکھیر دیا۔

جمعہ کی صبح منتظمین نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ عابڈس اے سی پی چندر شیکھر نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر لیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

عقیدتمندوں کی جانب سے غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بڑی تعداد میں پہنچے عقیدتمندوں نے پولیس سے خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس کی جانب سے امن و امان کو برقرار رکھنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ موقع پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں وہیں شہر میں بھی چوکسی برتی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں