بی جے پی لیڈر کے بیٹے نے پاکستانی لڑکی سے آن لائن شادی کرلی

حیدرآباد (دکن فائلز) بی جے پی کے لیڈر اکثر سیاسی مقاصد کےلئے پڑوسی ملک پاکستان کو دشمن بتاتے ہیں لیکن اب بی جے پی کے بیٹے کی شادی پاکستانی لڑکی کے ساتھ ہونے کا معاملہ موضوع بحث ہے۔ تفصیلات کے مطابق اترپردیش میں بی جے پی لیڈر کے بیٹے نے پاکستانی لڑکی کے ساتھ آن لائن نکاح کر کے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بی جے پی کے کارپوریٹر تحسین شاہد نے اپنے بڑے بیٹے محمد عباس حیدر کی شادی لاہور کی رہائشی عندلیب زہرا کے ساتھ طے کی تھی تاہم دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے وہ ویزا حاصل کرنے سے قاصر رہے۔ صورتحال اُس وقت اور بھی مشکل ہو گئی جب دلہن کی والدہ یاسمین زیدی بیمار ہوگئیں اور انہیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا۔ ان حالات میں بی جے پی کے رہنما نے شادی کی تقریب آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔

گذشتہ جمعہ کی رات باراتیوں کو جمع کر کے آن لائن نکاح کی تقریب ہوئی جس میں لاہور سے دلہن کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ نوجوان عباس حیدر نے اُمید ظاہر کی کہ ان کی اہلیہ کو بغیر کسی پریشانی کے انڈین ویزا مل جائے گا۔ بی جے پی ایم ایل سی برجیش سنگھ پرشو کے علاوہ دیگر لیڈروں نے بھی شادی کی تقریب میں شرکت کی اور دولہے کو مبارکباد دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں