حیدرآباد (دکن فائلز) سنبھل میں 24 نومبر کو ہوئے ہنگامہ و فائرنگ میں متعدد مسلم نوجوان جاں بحق ہونے کے بعد جامع مسجد کے پورے علاقہ کو پولیس چھاونی میں تبدیل کردیا گیا تھا تاہم اب اترپردیش حکومت نے سنبھل جامع مسجد کے سامنے پولیس اسٹیشن کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔
آج جمعہ کی نماز کے سے قبل ہی پولیس اشٹیشن کی تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا۔ جمعہ کے موقع پر پولیس کی جانب سے علاقہ میں سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ریپیڈایکشن فورس کو تعینات کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی جامع مسجد کے سامنے پولیس اسٹیشن کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1872612705036820850
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شریش چندرا نے کہاکہ نئی پولیس چوکی کے لیے پیمائش مکمل کر لی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے نئے پولیس اسٹیشن کا نام ظاہر کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے چوکی قائم کی جا رہی ہے۔ یہاں 24 گھنٹے پولیس کی موجودگی کو یقینی بنانے کےلئے ایسا کیا جارہا ہے۔
وہیں مسجد کمیٹی کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ مسجد کمیٹی نے مسجد کے سامنے پولیس اسٹیشن کی تعمیر کی مخالفت کی۔ سنبھل جامع مسجد کمیٹی نے دعویٰ کیا کہ جس مقام پر پولیس اسٹیشن تعمیر کرنے کی بات کی جارہی ہے، اس کا آدھا حصہ وقف بورڈ کی ملکیت ہے جبکہ ذاتی زمین ذاتی ملکیت ہے۔ مسجد کمیٹی نے بتایا کہ ہمیں اچانک اطلاع دی گئی کہ یہاں پولیس اسٹیشن تعمیر کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ 24 نومبر کو شاہی جامع مسجد کے سروے کے خلاف مسلمانوں نے زبردست احتجاج کیا تھا، اس دوران فائرنگ میں 6 مسلم نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔


