سلطان الہند خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ کے 813 ویں عرس شریف کا آغاز، بلند دراوزہ پر پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی، ملک و بیرون ملک سے عقیدتمندوں کی آمد کا سلسلہ جاری

حیدرآباد (دکن فائلز) عالمی شہرت یافتہ صوفی بزرگ خواجہ غریب نوازؒ کے 813 ویں عرس شریف کی تقاریب کا آج سے شاندار پیمانہ پر آغاز ہوگیا۔ آج بلند دروازہ پر پرچم کشائی کی رسم کے ساتھ عرس شریف کا باضابطہ آغاز ہوگیا، جس کے سبب درگاہ اجمیر میں کافی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی عرس کے موقع پر پرچم کی روایتی رسم کی تقریب شان و شوکت کے ساتھ ادا کی گئی۔ جنتی دروازہ 12 جنوری سے اگلے 6 دن تک کھلا رہے گا۔ عرس کے موقع پر درگاہ کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔

عرس کے موقع پر ملک و بیرون ملک سے خواجہ غریب نوازؒ کے عقیدتمند بڑی تعداد میں اجمیر پہنچ رہے ہیں۔ زائرین کی سہولت کے لیے انتظامی سطح پر بھرپور تیاریاں کی گئیں۔ پرانی روایات کے مطابق عرس کے لیے آنے والے زائرین کے لیے جنتی دروازہ کھولا جاتا ہے۔ جنتی دروازہ کھلنے کے بعد لوگ وہاں سے گزرتے ہیں اور درگاہ خواجہ غریب نوازؒ پر حاضری دیتے ہیں۔ اس پرانی روایت کے مطابق جنتی دروازہ 6 رجب کو بند کیا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 813 ویں عرس میں شرکت کے لیے پاکستان سے 264 زائرین کا ایک وفد 4 جنوری کو ہندوستانی سرحد میں داخل ہوگا اور 6 جنوری کو اجمیر پہنچے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے یہاں کے چوڑی بازار میں واقع سنٹرل گرلز اسکول میں ان کے قیام اور کھانے کا انتظام کیا ہے۔ پاکستانی وفد 12 جنوری کو واپس جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی بھی 4 جنوری کو مرکزی وزیر کرن رجیجو کے ذریعہ درگاہ پر چادر پیش کریں گے۔ اجمیر سٹی کے اے ڈی ایم گجیندر سنگھ راٹھور نے کہا کہ 4 جنوری کو مرکزی وزیر کرن رجیجو مودی کی طرف سے چادر لے کر اجمیر آئیں گے اور اس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں