مودی اور یوگی سنبھل میں خطرناک ماحول پیدا کرنے کے ذمہ دار! اسدالدین اویسی نے جامع مسجد کے سامنے پولیس چوکی کی تعمیر پر جتایا اعتراض، صدر مجلس نے دکھائے کاغذات

حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اتر پردیش کے سنبھل میں جامع مسجد کے سامنے بنی پولیس چوکی پر بڑا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پولیس چوکی وقف اراضی پر بنائی جارہی ہے۔ قبل ازیں مقامی لوگوں نے بھی پولیس چوکی کی تعمیر پر اعتراض جتاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ وقف اراضی پر تعمیر کی جارہی ہے، جبکہ حکام نے زمین کو سرکاری بتایا ہے۔

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے ٹوئٹ کرکے زمین سے متعلق دستاویزات بھی شیئر کئے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’ریکارڈ کے مطابق سنبھل میں جامع مسجد کے قریب جو پولیس چوکی بنائی جا رہی ہے وہ وقف اراضی ہے۔ مزید برآں، قدیم یادگاروں کے قانون کے تحت محفوظ یادگاروں کے قریب تعمیراتی کام ممنوع ہے۔ مودی اور یوگی سنبھل میں خطرناک ماحول پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں‘۔

https://x.com/asadowaisi/status/1874012951767568717

انہوں نے لکھا کہ ’پولیس چوکی جس مقام پر تعمیر کی جارہی ہے وہ وقف اراضی ہے، اتر پردیش حکومت قانون کا کوئی احترام نہیں کرتی۔ وہیں سنبھل کے ایڈیشنل ایس پی شریش چند نے زمین کو سرکاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس زمین کو وقف ملکیت بتایا جارہا ہے وہ دوسری زمین ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں