حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے فیروزآباد میں مسلم لڑکیوں کو ہندوتوا شدت پسند بے غیرت شخص کی جانب سے ہراساں و پریشان کرنے کا ایک اشتعال انگیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ مسلم میرر کی رپورٹ کے مطابق بھگوا شدت پسندوں نے میلہ میں موجود مسلم خواتین کے قریب جاکر حلق پھاڑ پھاڑ کر ’جے ایس آر ۔۔۔‘ چیختا ہے تاکہ عزت دار مسلم خواتین کو مبینہ طور پر ہراساں و پریشان کیا جاسکے۔ یہ ویڈیو فیروز آباد کے ملیکھن جہاں پور گاؤں میں میلہ کے دوران بنایا گیا۔
یہ اشتعال انگیز واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب 9 فروری کو شدت پسند کی جانب سے سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز ویڈیو اپلوڈ کیا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس واقعہ کی سخت مذمت کی جارہی ہے۔
وہیں زی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیروز آباد کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں شدت پسند ہندوتوا نوجوان، کچھ مسلم لڑکیوں کے سامنے جئے شری رام کے نعرے لگاتے نظر آ رہا ہے۔ تیزی سے وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شدت پسند شخص، مسلم لڑکیوں کے سامنے انتہائی وحشانہ انداز میں نعرے لگارہا ہے تاکہ مبینہ طور پر لڑکیوں کو ہراساں کیا جاسکے۔
ویڈیو میں ایک بے ہودہ گانے کو بھی سنا جاسکتا ہے جو اس طرح ہے’پلٹ، تیرا دھیان کدھر ہے، تیرا ہیرو ادھر ہے‘۔ شدت پسندوں نے اسی واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا ہے جس میں مسلم خواتین اور اسلام سے متعلق انتہائی تضحیک آمیز باتیں کہی گئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ مسلم خواتین کے ساتھ انتہائی شرمناک و گھٹیا حرکت کرنے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے بھی ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا کہ واقعہ میں ملوث نوجوانوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔