حیدرآباد (دکن فائلز) احمد آباد میں ایئر انڈیا طیارہ حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد 265 سے زیادہ ہوگئی، اس بات کا انکشاف پولیس نے کیا۔ جمعرات کو ہوئے خوفناک حادثہ میں کم از کم 265 افراد ہلاک ہو گئے جب لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز احمد آباد کے ایک میڈیکل کالج کمپلیکس سے ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ٹکرا کر تباہ ہوگئی۔
یہ حالیہ برسوں میں بھارت کی بدترین فضائی آفات میں سے ایک ہے۔ بی جے میڈیکل کالج اور سول ہسپتال کی عمارت سے طیارہ کے ٹکرا جانے سے مسافرین کے علاوہ دیگر متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔
کئی لاشوں کی شناخت کرنا مشکل ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کنن دیسائی نے کہاکہ “ہماری اطلاع کے مطابق 265 لاشیں سٹی سول ہسپتال میں ہیں۔”
طیارہ میں 242 افراد سوار تھے تاہم صرف ایک شخص حادثہ میں محفوظ رہا جبکہ میڈیکل کالج کی عمارت میں موجود متعدد افراد حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے بھی احمد آباد پہنچ کر حادثہ کے مقام کا جائزہ لیا اور زخمیوں سے ملاقات کی۔ وہیں گذشتہ روز وزیر داخلہ امیت شاہ بھی احمد آباد پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے بھی زخمیوں سے ہسپتال پہنچ کر ملاقات کی۔