حیدرآباد (دکن فائلز) احمد آباد سے لندن جانے والے طیارہ حادثہ میں ایک شخص زندہ بچ گیا ہے جبکہ جہاز میں 242 افراد سوار تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے سیول ہسپتال میں زیرعلاج 40 سالہ وشواش کمار رامیش کا کہنا ہے کہ وہ اس تباہ کن حادثہ میں زندہ بچ گئے۔
زندہ بچ جانے والا مسافر سیت نمبر 11 اے پر بیٹھا تھا، مسافر کے سینے، آنکھوں اور پیروں پر بیشتر زخم آئے ہیں۔ وشواش کمار جنہیں آنکھوں، سینے اور پاؤں میں چوٹیں آئی ہیں، نے بتایا کہ ’جہاز کے اڑان بھرنے کے 30 سیکنڈز بعد ایک ہولناک آواز سنائی دی اور پھر جہاز زمیں بوس ہو گیا۔ یہ سب محض چند لمحوں میں ہوا۔‘
زندہ بچ جانے والے مسافر نے کہا کہ ٹیک آف کے تیس سیکنڈ بعد، ایک زور دار آواز آئی اور پھر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، یہ سب بہت جلدی ہوا۔ وشواش کمار رمیش نے بتایا کہ وہ اور اس کا بھائی اجے ہوائی جہاز میں مختلف قطاروں میں بیٹھے تھے۔
وشواش کمار رامیش برطانوی شہریت کے حامل ہیں اور وہ ہندوستان میں اپنے عزیزوں سے ملنے آئے تھے۔ وہ ہندوستان میں کچھ دن گزارنے کے بعد اپنے بھائی اجے کمار رامیش کے ساتھ واپس برطانیہ جا رہے تھے۔