حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس پارٹی نے کہا کہ ’غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی گئی “نسل کشی” پر مودی کی گہری خاموشی سے ہندوستان کا اخلاقی و سیاسی وقار کم ہوا ہے‘۔ کانگریس کے جنرل سکیریٹری جئے رام رمیش نے ٹوئٹ کیا کہ ’غزہ میں نسل کسی پر وزیراعظم نریندر مودی کی “گہری” خاموشی نے بھارت کے اخلاقی اور سیاسی وقار کو کم کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکہ-اسرائیل جنگ کے حوالے سے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، لیکن غزہ میں ابھی تک کوئی جنگ بندی نہیں ہوئی جہاں اسرائیل کی نسل کشی بلا روک ٹوک جاری ہے‘۔ رمیش نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم مودی کی غزہ میں گذشتہ اٹھارہ ماہ سے جاری تباہی پر خاموشی نے ہندوستان کا وقار کم کردیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے بھی غزہ اور ایران میں اسرائیل کی بربریت پر ہندوستان کی خاموشی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے اپنے مضمون میں، جو ‘دی ہندو’ میں شائع ہوا، کہا کہ “نئی دہلی کی غزہ کی تباہی اور اب ایران کے خلاف بلا اشتعال جارحیت پر خاموشی ہماری اخلاقی اور سفارتی روایات سے ایک پریشان کن انحراف کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ نہ صرف آواز کا نقصان ہے بلکہ اقدار کو مجروح کرنا بھی ہے۔”