’’حج پکنک نہیں عبادت ہے‘‘، وسیم اکرم، مصباح الحق اور فخرِ عالم کا ناقدین کو کرارا جواب (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، سابق قومی کپتان مصباح الحق، سابق اوپنر سعید انور اور معروف ٹی وی میزبان فخرِ عالم نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کی، تاہم دورانِ حج ان کی بعض ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

خاص طور پر وسیم اکرم کی رمیِ جمرات کے دوران سوئنگ انداز میں بنائی گئی ویڈیو اور بعد ازاں مصباح الحق کے لیے کیلے اٹھانے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئیں۔ بعض صارفین نے ان شخصیات کے حج کے سفر کو ’’پکنک‘‘ قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔

اس تنقید کے جواب میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور فخرِ عالم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حج ایک عظیم عبادت ضرور ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انسان ہر وقت سنجیدہ ہی رہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے دوران عبادت، دعا، تلاوت، ذکر و اذکار کے ساتھ ساتھ دوستوں سے گفتگو، مسکراہٹ اور باہمی تعلقات بھی اس روحانی سفر کا حصہ ہوتے ہیں۔

فخرِ عالم نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ حج سے قبل انہوں نے متعدد علمائے کرام سے مشورہ کیا تھا جنہوں نے واضح کیا کہ سر منڈوانا افضل ضرور ہے لیکن قصر یعنی بالوں کا کچھ حصہ کٹوانا بھی شرعاً جائز ہے، اسی لیے انہوں نے قصر کا اختیار کیا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ انہوں نے کبھی حج کے لیے کوئی خاص منصوبہ بندی نہیں کی تھی لیکن جب دل میں آمادگی پیدا ہوئی اور دوست حج پر جا رہے تھے تو انہوں نے بھی یہ سعادت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے حج کے سفر کو اپنی زندگی کے یادگار ترین تجربات میں سے ایک قرار دیا۔

مصباح الحق نے کہا کہ دوستوں کے ساتھ حج کی ادائیگی نے اس روحانی سفر کو مزید خوبصورت بنا دیا اور وہ ان لمحات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں