زہر نہ اُگلیں: مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اور نفرت آمیز بیانات دینے سے گریز کرنے کی سخت ہدایت، کرناٹک ہائی کورٹ کا آر ایس ایس لیڈر کلڈکا پربھاکر بھٹ کو انتباہ

حیدرآباد (دکن فائلز) کرناٹک ہائی کورٹ نے آر ایس ایس کے متنازعہ رہنما کلڈکا پربھاکر بھٹ کو مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اور نفرت آمیز بیانات دینے سے گریز کرنے کی سخت ہدایت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ عوامی شخصیات کو اپنی تقاریر میں تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایسے بیانات سے اجتناب کرنا چاہیے جو سماجی ہم آہنگی کو متاثر کریں۔

جسٹس ایم ناگاپرسنا کی عدالت کلڈکا پربھاکر بھٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کر رہی تھی، جس میں انہوں نے اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک عوامی جلسے میں مسلم خواتین اور مسلم برادری کے خلاف توہین آمیز اور اشتعال انگیز ریمارکس دیے تھے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ کسی طبقے کے خلاف نفرت یا اشتعال انگیزی پھیلائی جائے۔ عدالت نے پربھاکر بھٹ سے کہا کہ وہ آئندہ اپنی تقاریر میں ’’زہر گھولنے‘‘ سے باز رہیں اور سماجی ذمہ داری کا احساس کریں۔

رپورٹس کے مطابق پربھاکر بھٹ نے عدالت میں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے بیانات سے گریز کریں گے۔ ان کے خلاف ماضی میں بھی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے متعدد مقدمات درج ہو چکے ہیں۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ وارانہ بیانات پر عدالتی نگرانی اور کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں