مانسون نے کیرالہ میں دستک دے دی، شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری، بہت جلد تلنگانہ آمد کا امکان

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان میں جنوب مغربی مانسون نے باضابطہ طور پر کیرالہ میں دستک دے دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو اعلان کیا کہ مانسون کیرالہ، لکشدیپ، ماہے، تمل ناڈو اور کرناٹک کے بعض حصوں تک پہنچ چکا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک میں بارشوں کے موسم کا آغاز ہو گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 4 تا 5 دنوں میں مانسون تلنگانہ تک پہنچ جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مانسون کی آمد میں معمولی تاخیر ہوئی ہے۔ قبل ازیں 26 مئی کو مانسون کے کیرالہ پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی تھی، تاہم موسمی حالات کے باعث اس میں تاخیر ہوئی۔ ادارے نے اس سال ملک بھر میں معمول سے کم بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق رواں سیزن میں بارشیں طویل مدتی اوسط کا تقریباً 90 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بحرالکاہل میں ایل نینو (El Nino) کی صورتحال دوبارہ پیدا ہونے کے آثار ہیں، جس کے نتیجے میں بھارت میں بارشوں کی مقدار متاثر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب کیرالہ کے مختلف اضلاع میں گزشتہ شب سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے الاپوزا، کوٹایم اور ارناکولم اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے شدید بارش اور 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔

حکام نے عوام کو احتیاط برتنے اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں