وقف جائیداد رجسٹریشن کی آخری تاریخ کل! اترپردیش میں ہزاروں وقف املاک مسترد ہونے پر تشویشناک صورتحال

حیدرآباد (دکن فائلز) وقف ترمیمی قانون 2025 کے تحت وقف جائیدادوں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 جون قریب آنے کے ساتھ ہی اتر پردیش کی سنی اور شیعہ وقف بورڈز نے رجسٹریشن مہم تیز کر دی ہے۔ حکام نے کام کا دباؤ بڑھنے کے باعث افسران اور ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔

قانون کے مطابق ملک بھر کی تمام وقف املاک کی تفصیلات مرکزی حکومت کے ’’امید پورٹل‘‘ (UMEED Portal) پر اپ لوڈ اور تصدیق کرنا لازمی ہے۔ اسی مقصد کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے اور مختلف اضلاع سے آنے والے متولیان اور مسجد کمیٹیوں کے نمائندوں کی رہنمائی کی جا رہی ہے۔

شیعہ وقف بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر ذیشان رضوی کے مطابق بیشتر تکنیکی مسائل حل ہو چکے ہیں، تاہم مطلوبہ دستاویزات کی عدم دستیابی سب سے بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف شیعہ وقف بورڈ کی 2 ہزار سے زائد املاک مطلوبہ ریکارڈ نہ ہونے کے باعث مسترد ہو چکی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سنی وقف بورڈ نے 1,32,679 املاک میں سے 1,19,597 کی تفصیلات اپ لوڈ کر دی ہیں۔ ان میں 73,111 املاک منظور، 31,319 مسترد جبکہ ہزاروں درخواستیں زیر التوا ہیں۔ اسی طرح شیعہ وقف بورڈ کی 7,745 املاک میں سے 7,594 کی تفصیلات اپ لوڈ کی جا چکی ہیں، جن میں 4,047 املاک منظور اور 2,496 مسترد ہو چکی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسترد شدہ املاک کے ریکارڈ درست کرکے 5 جون سے قبل دوبارہ اپ لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم متولیان اور مسجد کمیٹیوں نے قلیل وقت اور دستاویزات کی پیچیدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید رہنمائی اور سہولت مراکز قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں