جھوٹے گودی میڈیا کا ایک اور جھوٹ! ایرانی سفارت خانے کی وضاحت، اشیائے ضروریہ کی قلت سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں اور دعوؤں کو سختی سے مسترد کردیا ہے جن میں ایران میں معاشی بحران، اشیائے ضروریہ کی قلت اور عوامی ضروریات کی فراہمی میں مشکلات کا تذکرہ کیا گیا تھا۔

ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگی حالات اور مختلف نوعیت کے شدید دباؤ کے باوجود ملک میں آج تک بنیادی اشیائے خورد و نوش یا ضروری سامان کی کوئی قلت پیدا نہیں ہوئی۔ بیان کے مطابق ایرانی حکومت نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی قیادت میں مؤثر اور ذمہ دارانہ اقدامات کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی خریداری، ترسیل اور تقسیم کا نظام معمول کے مطابق، مستحکم اور بلا تعطل جاری ہے۔

سفارت خانے نے واضح کیا کہ ایران کی معیشت اور عوامی ضروریات کے حوالے سے پھیلائی جانے والی بعض رپورٹس حقائق کی درست عکاسی نہیں کرتیں۔ حکومت نے تمام ضروری انتظامات پہلے ہی مکمل کر رکھے ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے۔

بیان میں بھارتی ذرائع ابلاغ سے اپیل کی گئی کہ ایران سے متعلق خبریں اور رپورٹس شائع کرتے وقت مستند، سرکاری اور قابلِ تصدیق ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں تاکہ عوام تک درست حقائق پہنچ سکیں۔

ایرانی سفارت خانے نے خاص طور پر ’’ایران انٹرنیشنل‘‘ نامی میڈیا ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ایرانی عوام کے مخالفین اور دشمن عناصر سے وابستہ سمجھا جاتا ہے اور ماضی میں بھی ایران مخالف سیاسی بیانیوں کی تشہیر کرتا رہا ہے۔ اس لیے ایران کی حقیقی صورتحال جاننے کے لیے اس ادارے کو قابلِ اعتماد ذریعہ نہیں سمجھا جاسکتا۔

سفارت خانے نے زور دے کر کہا کہ ایران میں معمولاتِ زندگی برقرار ہیں اور حکومت عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ بیان کے مطابق ایرانی قوم ماضی کی طرح موجودہ چیلنجوں کا بھی عزم اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں