ایران کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط، آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی جلد متوقع: ڈونلڈ ٹرمپ

حیدرآباد (دکن فائلز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک اہم امن معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، جس کے تحت ایران نے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز جزوی طور پر کھل چکی ہے اور جمعے تک اسے مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق صدر ٹرمپ نے جی-7 اجلاس کے موقع پر فرانس میں اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئیل میکرون کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت ماحول میں مکمل ہوئے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق معاہدے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور ایران کو پابندیوں میں نرمی صرف اسی صورت میں ملے گی جب وہ تمام شرائط پر مکمل طور پر عمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تہران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا اور اس حوالے سے بین الاقوامی نگرانی کا مؤثر نظام بھی موجود ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جبکہ معاہدے کی تفصیلات آئندہ چند روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے کا بنیادی مقصد ایران کی جوہری سرگرمیوں کو محدود کرنا، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنا اور خطے میں استحکام کو فروغ دینا ہے۔ تاہم بعض مبصرین نے اس معاہدے کی قانونی حیثیت اور ایرانی اعلیٰ قیادت کی براہِ راست شمولیت سے متعلق سوالات بھی اٹھائے ہیں، جس کے باعث اس معاہدے پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں