والدہ سے اظہار عقیدت! بیٹے نے اپنی ماں کی یاد میں تاج محل کی نقل تعمیر کردی

ایک شخص نے اپنی مرحومہ والدہ کی یاد میں تاج محل کی نقل تیار کرلی۔ ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے 49 سالہ امر الدین شیخ داؤد نے اپنی والدہ جیلانی بی بی سے محبت کے اظہار کے لیے ایک ایکڑ رقبے پر پھیلا سنگ مر مر کا مزار تیار کیا۔

تامل ناڈو کے علاقے تھرووارور میں تاج محل کی نقل تیار کی گئی ہے جس کے لیے انہوں نے 100 ٹن سنگ مر مر راجھستان سے خریدا۔ مجموعی طور پر اس یادگار کی تعمیر کے لیے امر الدین شیخ داؤد نے 5 کروڑ روپے خرچ کیے۔

جیلانی بی بی کا انتقال 2020 میں ہارٹ اٹیک کے دورے کے 2 ہفتے بعد ہوا تھا۔ چاول کے تاجر امر الدین شیخ داؤد نے بتایا کہ وہ مغل عہد میں تعمیر کیے جانے والے تاج محل سے متاثر تھے اور اپنی والدہ کے لیے اس کی طرح کا مزار تعمیر کرنا چاہتے تھے۔

تاج محل کی یہ نقل 12 میٹر بلند ہے اور اس کے چاروں مینار 14 میٹر بلند ہیں۔ شیخ داؤد نے بتایا کہ ‘میں اپنی والدہ سے بہت زیادہ محبت کرتا تھا، جب وہ اچانک ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں تو میں انہیں قبرستان میں نہیں چھوڑنا چاہتا تھا۔ میں اور میرا بھائی ان سے محبت کے اظہار کے لیے ایک یادگار تعمیر کرنا چاہتے تھے’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘میرے والد کا انتقال 1989 میں ہوگیا تھا اور میری والدہ نے اکیلے ہماری پرورش کی، انہوں نے ہماری پرورش کے لیے متعدد مشکلات کا سامنا کیا اور اپنی زندگی ہمارے لیے وقف کر دی’۔ تاج محل کی اس نقل کی تعمیر 2021 میں شروع ہوئی تھی اور مئی 2023 میں مکمل ہوئی، جس کے بعد 2 جون کو اسے عوام کے لیے کھولا گیا۔

یہ مزار 3 حصوں میں تقسیم ہے، ایک حصے میں جیلانی بی بی کا مزار ہے، دوسرے میں مسجد جبکہ تیسرے میں ایک مدرسہ ہے۔ شیخ داؤد نے کہا کہ ‘تمام انسانوں کے لیے ماں قیمتی ہوتی ہے، میں ہر ایک کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی ماں سے محبت اور احترام کرے’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں