جولائی 2023 ابھی ختم نہیں ہوا مگر ماہرین نے اسے انسانی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دینا شروع کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) کے مطابق جولائی ممکنہ طور پر 19 ویں صدی سے اب تک ریکارڈ ہونے والا گرم ترین مہینہ ثابت ہو سکتا ہے۔
اسی طرح اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کا مطلب یہ ہے کہ دنیا میں ایسا عہد شروع ہو رہا ہے جس میں ہماری زمین شدید گرمی کے باعث ابلنے جیسے تجربے کا سامنا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شمالی نصف کرے میں بڑھتا درجہ حرارت دہشت زدہ کر دینے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘گلوبل وارمنگ کا عہد ختم ہورہا ہے اور گلوبل بوائلنگ کا عہد شروع ہو رہا ہے’۔
ڈبلیو ایم او کی جانب سے جولائی کے اولین 3 ہفتوں کو موسمیاتی ریکارڈ کے گرم ترین 3 ہفتے قرار دیا گیا ہے اور ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ مہینہ سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔ دنیا کے مختلف حصوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دیکھنے میں آرہے ہیں، یورپ، امریکا اور ایشیا میں ہیٹ ویوز، کینیڈا اور یونان میں جنگلات کی آگ جبکہ فلوریڈا میں سمندری پانی کے ریکارڈ درجہ حرارت جیسے واقعات سامنے آئے۔