حیدرآباد میں انتہائی شرمناک واقعہ، ماں کے سامنے نوجوان نے سڑک پر خاتون کو برہنہ کردیا

حیدرآباد کے جواہر نگر میں ایک انتہائی شرمناک واقعہ پیش آیا۔ ایک نوجوان نے اپنی ماں کے سامنے سڑک پر ایک خاتون کے زبردستی کپڑے پھاڑ دیئے اور اسے برہنہ کردیا۔ یہ شرمناک واقعہ سڑک پر موجود سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا اور اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس کے بعد عوام میں تشویش دوڑ گئی۔ لوگوں نے نوجوان کی حرکت پر سخت تقنید کی۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق متاثرہ خاتون گذشتہ اتوار کی رات 8 بجے جواہر نگر میں واقع کپڑے کی دکان سے واپس گھر جارہی تھی کہ درندہ صفت نوجوان نے اسے چھونے کی کوشش کی جس پر خاتون نے اعتراض کیا جس کے بعد اس شخص نے سڑک پر اس خاتون کے زبردستی کپڑے پھاڑتے ہوئے اسے برہنہ کردیا، واقعہ کے وقت شخص کی ماں بھی وہیں موجود تھی لیکن اس نے اپنے بیٹے کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔

سڑک سے گذرنے والی ایک اور خاتون نے نوجوان کو ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کی تو نوجوان نے اس خاتون پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم مقامی افراد کی مداخلت کے بعد پولیس وہاں پہنچی اور نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ دیگر خواتین نے برہنہ خاتون کو چادر سے ڈھانک دیا اور گھر پہنچایا۔

پولیس نے ملزم کے خلاف سیکشن 354 (b)، 323، 506 r/w 34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور اسے جیل بھیج دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں