حیدرآباد (دکن فائلز) اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں ہر 10 منٹ سے پہلے پہلے ایک طلاق ہوجانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق سعودی عرب کے اخبار ’عکاظ‘ رپورٹ کے میں بتایا گیا کہ مملکت کے محکمہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ ملک میں یومیہ 168 طلاقیں ہوتی ہیں۔
رپورٹ میں سعودی عرب کے محکمہ شماریات کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سال 2022 کے آخری چند مہینوں میں 57 ہزار سے زائد طلاقیں ہوئیں۔ حکومتی ادارے کے مطابق سعودیہ میں سال 2022 میں پچھلے سالوں کے مقابلے طلاقوں کی شرح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا۔
اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ 2022 میں سال 2019 کے مقابلے طلاقوں کی شرح 19 فیصد بڑھ گئی اور اب یومیہ 168 طلاقیں ہونے لگی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں ہر گھنٹے میں 7 اور یومیہ 168 طلاقیں ہو رہی ہیں اور تقریبا ہر 10 منٹ سے پہلے پہلے ملک کے کسی نہ کسی شہر میں ایک طلاق ہوجاتی ہیں۔ حکومتی ادارے کے مطابق گزشتہ چند سال سے وہاں طلاقوں کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔