حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے مصروف تجارتی و تعلیمی مرکز امیرپیٹ میں جمعہ کی صبح میتری ونم کمپلیکس کے نیلاگیری بلاک میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں چوتھی منزل پر قائم ایک کمپیوٹر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ تعلیم متعدد طلبا دھویں کے باعث محصور ہو گئے۔ واقعہ امیر کے میتری ونم علاقہ میں پیش آیا، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں آئی ٹی کورسز کے طلبا آتے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق عمارت کے کچھ حصوں کو گھنے دھویں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے عمارت میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ چوتھی منزل پر پھنسے طلبہ بالکونی سے مدد کے لیے آوازیں دے رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
فائر فائٹرز کو گھنے دھویں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے سیڑھیوں اور فیس ماسک کی مدد سے بالکونی تک رسائی حاصل کی اور طلبہ کو بحفاظت نیچے اتار لیا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر عمارت کی بجلی منقطع کر دی گئی تاکہ مزید خطرہ ٹالا جا سکے۔
فائر سروس حکام کے مطابق ابتدائی اندازے کے تحت آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین تفصیلی جانچ کے بعد کیا جائے گا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
آتشزدگی کے بعد اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ خاص طور پر ایس آر نگر روڈ اور میتری ونم جنکشن سے ستیام تھیٹر روڈ کی جانب گاڑیوں کی رفتار سست رہی۔ ٹریفک پولیس موقع پر موجود رہی اور ہنگامی خدمات کے ساتھ مل کر آمدورفت کو منظم کرتی رہی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ راستوں سے گریز کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کریں۔ انہوں نے عوام کو درپیش تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ہنگامی کارروائی اور ٹریفک کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


