حماس کے حملے کے بعد غزہ میں اسرائیلی بمباری کو ایک ماہ مکمل ہوگیا۔ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل نے ایک رات میں ڈھائی ہزار حملےکر ڈالے، جن میں مزید 280 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار9 770 ہوچکی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی نہیں کی جائے گی۔
اسرائیل نے غزہ میں اسپتالوں کے اطراف پھر بم برسا دیے، تین پناہ گزیں کیمپوں پر بھی بمباری کی گئی ۔ بمباری سے شمالی غزہ کھنڈر بن گیا۔ غزہ پٹی میں ایک بار پھر مواصلات اور انٹر نیٹ سروس معطل ہوگئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک ہفتے میں جبالیا کیمپ پر چوتھی بار بمباری کی۔ حماس کے مطابق اسرائیلی فوج نے مواصلاتی نظام منقطع کرتے ہی بمباری شروع کردی۔
اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائیاں بھی تیز کردی ہیں۔ 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے 9 ہزار 770 فلسطینیوں میں 4 ہزار 800 بچے شامل ہیں، جبکہ 26 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔ غزہ اسرائیل جنگ میں اب تک 43 صحافی بھی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ مارے جانے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 345 ہوگئی ہے۔