مصر میں اخوان کے سربراہ محمد بدیع سمیت 8 رہنماؤں کو سزائے موت سنادی گئی

مصر کی فوجداری عدالت نے اخوان المسلمین کے 8 رہنماؤں کو سزائے موت سنائی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان رہنماؤں میں 8ویں سپریم گائیڈ 80 سالہ محمد بدیع بھی شامل ہیں جو طویل عرصے سے پابند سلاسل ہیں۔ واضح رہے کہ چند برس قبل محمد بدیع کو سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم بعد میں ان کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا گیا تھا۔

مصر نے اخوان المسلمین کو 2013 میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ مصری حکومت کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب حکومت مخالف مظاہروں کے بعد فوج نے صدر مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور اس کے بعد اسکندریہ کے سیدی گبر ضلع میں پرتشدد فسادات میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

عدالت نے 21 ملزمان کو مقدمات سے بری کرنے کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے کہ 2013 میں مصری فوج نے اخوان سے تعلق رکھنے والے ملک کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے اخوان المسلمین کے متعدد رہنماؤں پر مقدمات قائم کیے جاچکے ہیں اور سیکڑوں کو قید اور سزائیں دی جاچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں