ماہ صیام کا تیسرا عشرہ شروع، ’معتکفین‘ مسجد الحرام، مسجد نبویﷺ پہنچ گئے، روح پرور مناظر

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوگیا۔ مسجد الحرام، مسجد نبویﷺ، اور تمام علاقائی مساجد میں مغرب کے بعد اعتکاف کا آغاز کیا۔ حرمین انتظامیہ نے اعتکاف کےلیے پورٹل کے ذریعے ہزاروں پرمٹ جاری کیے، معتکفین کےلیے خصوصی دروازے مقرر کردیے اور تمام سہولیات فراہم کردی گئیں۔

آب زم زم کی فراہمی، تلاوت کےلیے قرآن کریم کے نسخے بڑی تعداد میں رکھ دیے گئے۔ آج سے لاکھوں عمرہ زائرین مسجدالحرام اور مسجدنبویﷺ میں قیام اللیل میں شریک ہوں گے۔ قیام اللیل کی نماز شب 12.30 پر شروع ہوگی۔

ماہ صیام کے تیسرے عشرے کے شروع ہوتے ہی 20 ویں روزے کی افطاری کے بعد حرمین شریفین میں اعتکاف کرنے والے پہنچ گئے۔ حرمین انتظامیہ کی جانب سے معتکفین کے لیے تمام ترانتظامات کو دو دن قبل ہی حتمی شکل دے دی گئی تھی۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں اندرون مملکت سمیت مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین حرمین میں اعتکاف کرتے ہیں۔

حرمین انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے وسط سے ہی اعتکاف کرنے والوں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا تھا۔ اعتکاف کے لیے حرمین کے پورٹل پررجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کے ذریعے معتکفین اپنے کوائف درج کرانے کے بعد اعتکاف کا پرمٹ حاصل کرتے ہیں۔ ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف میں درس قرآن اورتجوید کے لیے خصوصی حلقوں کا اہتمام کیا گیا ہے جس سے اعتکاف کرنے والے بھی مستفیض ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں