وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے بھیما ورم میں مجاہد آزادی الوری سیتارام راجو کی 125 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ایک تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں شرکت کے بعد وزیراعظم ایک ہیلی کاپٹر سے واپس ہورہے تھے کہ اس دوران کانگریس کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے فضا میں کالے غبارے چھوڑے۔
اطلاعات کے مطابق گناوارم ہوائی اڈے سے وزیراعظم مودی کی واپسی کے دوران جب ہیلی کاپٹر اڑان بھر رہا تھا اسی دوران کچھ کانگریس کے ارکان نے ہوا میں کالے غبارے چھوڑے، جس کے فوری بعد پولیس نے 3 کانگریس کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے تاہم وزیر اعظم کی روانگی کے 5 منٹ بعد غبارے چھوڑے گئے ۔
اس واقعہ کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہوگیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وجئے واڑہ میں مودی کے ہیلی کاپٹر کے اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی وزیراعظم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آسمان پر کالے غبارے چھوڑے گئے جو ہیلی کاپٹر سے قریب نظر آرہے تھے۔