حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے ناگول میں ایک خاتون شہری نے علاقہ کی سڑکوں کی خستہ حالت کے خلاف سخت احتجاج درج کرایا ہے۔ خاتون کے احتجاج کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ علاقے میں سڑکوں کی انتہائی خستہ حالت کے خلاف خاتون نے دلسکھ نگر کے قریب ناگول کی ایک سڑک پر جمع پانی میں بیٹھ کر احتجاج کیا۔
سڑک پر جمع گندے پانی میں بیٹھ کر خاتون نے محکمہ بلدیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آنند نگر کی رہنے والی خاتون نے کالونی کی سڑک پر جہاں پانی جمع ہوگیا تھا بیٹھ گئی۔ خاتون کے مطابق انہوں نے متعدد بار اس سلسلہ میں شکایت کی لیکن کوئی حل نہیں نکلا، اسی لئے وہ عہدیداروں کی توجہ کو خستہ حال سڑکوں پر مبذول کروانے کےلئے اس طرح کا احتجاج کررہی ہیں۔
خاتون نے احتجاج کے ذریعہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے غیرمناسب رویہ کی پول کھول دی، جس کے بعد عہدیداروں نے علاقہ کا دورہ کیا اور خستہ حال سڑکوں کو فوری ٹھیک کرانے کا تیقن دیا۔ عوامی سطح پر خاتون کی ستائش کی جارہی ہے اور احتجاج کی تائید کی گئی۔


