(ایجنسیز) حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے متعلق تعزیتی پوسٹس ڈیلیٹ کرنے پر ترکیہ میں انسٹاگرام کو بلاک کردیا گیا۔ ترکیہ کے انفو ٹیک ریگولیٹر نے کہا کہ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ کو بند کردیا گیا ہے، جس کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، ویب سائٹ کی بندش کے ساتھ ہی موبائل پر بھی انسٹاگرام ایپ ناقابل رسائی ہوچکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام ترکیہ کے مواصلاتی عہدیدار فرحتین التون کے انسٹاگرام پر کیے گئے تبصرے کے بعد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فرحتین التون نے اس پلیٹ فارم کی جانب سے حماس رہنما اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ان کے تعزیتی پوسٹس بلاک کرنے پر انسٹا گرام کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ یہ مکمل طور پر سینسر شپ ہے۔
وہیں انسٹاگرام کے پیرنٹ پلیٹ فارمز میٹا کی جانب سے اب تک انسٹاگرام کی بندش سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔