سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا ہے کہ صدر گوتابایا راجا پکشے کا استعفٰی منظور کر لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مہندا یاپا ابیوردانا نے صحافیوں کو بتایا کہ گوتابایا راجا پکشے نے استعفٰی دیا ہے جس کو جمعرات کو منظور کیا گیا۔ سری لنکن صدر نے ملک سے نکلنے کے بعد سنگاپور سے سپیکر مطلع کیا تھا کہ وہ استعفٰی دے رہے ہیں۔
مہندا یاپا ابیوردانا کا کہنا تھا ’یہاں سے اب ہم آئینی طور پر نئے صدر کے انتخاب کی طرف بڑھیں گے۔‘ شدید احتجاج کے بعد ملک سے صدر کے نکل جانے کے بعد سری لنکن شہری ان کے استعفے کے اعلان کا انتظار کر رہے تھے۔
خیال رہے چند ماہ سے جاری معاشی بحران پر حکومت کے خلاف احتجاج شروع ہو گیا تھا اور حالات کو حکومت کی نااہلی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا تھا۔
قبل ازیں پارلیمنٹ کے سپیکر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ صدر کا استعفٰی ای میل کے ذریعے موصول ہوا ہے اور باقاعدہ طور پر اعلان سے قبل اس کی تصدیق کی جائے گی۔
راجا پکشے ملک کے پہلے صدر ہیں جنہوں نے عہدے سے استعفے دیا، سری لنکا میں صدارتی نظام 1978 میں رائج ہوا تھا۔
جمعرات کو استعفے کی اطلاع آنے پر سمندر کنارے اس مقام پر کچھ لوگوں نے جشن بھی منایا جہاں سے احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
خیال رہے 13 جولائی کو صدر گوتابایا راجا پکشے ملک چھوڑ گئے تھے۔ حکومتی ذرائع نے ان کے مالدیپ پہنچ جانے کی تصدیق کی تھی۔
Load/Hide Comments