آسٹریلیا کے خلاف سنسنی خیز سنچری، نتیش کمار ریڈی نے تاریخ رقم کی ، تلگو ریاستوں میں مداحوں کا جشن

حیدرآباد (دکن فائلز) نتیش کمار ریڈی نے آسٹریلیا کی سرزمین پر تاریخ رقم کرکے اچانک ملک بھر میں مشہور ہوگئے، خاص طور پر تلگو ریاستوں میں 21 سالہ نتیش کمار ریڈی شاندار سنچری پر مداحوں نے جشن منایا۔ آٹھویں یا اس سے کم نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے وہ آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ اس کے ساتھ ہی وہ آسٹریلیا کے خلاف آٹھویں نمبر پر سنچری بنانے والے دوسرے ہندوستانی کرکٹر بن گئے۔ دوسری طرف آسٹریلیا کو ان کی ہی سرزمین پر ہرانے والے نتیش ریڈی کی ہر طرف ستائش ہو رہی ہے۔ سنچری اسکور کرتے ہی ان کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مخالف کھلاڑیوں نے بھی اس نوجوان کرکٹر کو مبارکباد دی۔

آندھرا سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کرکٹر کو سوشل میڈیا پر کھیلوں اور سیاسی شخصیات کی جانب سے مبارکباد دی جا رہی ہے۔ آندھرا کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر و وجئے واڑہ کے ایم پی کیشیننی چننیتیش ریڈی نے 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ملبورن میں کھیلا جا رہا باکسنگ ڈے ٹیسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ بارڈر-گواسکر ٹرافی کے اس چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ جمعہ کے روز دوسرے دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ میں 474 رن بنائے تھے۔ جواب میں ہندوستان نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگ میں 9 وکٹ پر 358 رن بنا لیے ہیں اور یہاں تک پہنچنے کا سہرا نتیش کمار ریڈی کے سر جاتا ہے جو شاندار سنچری بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

قومی آواز کی رپورٹ کے مطابق نتیش کمار ریڈی نے اپنی بہترین اننگ سے ہندوستان کو میچ میں واپسی ضرور کرائی ہے، لیکن ہندوستان اب بھی آسٹریلیا سے 116 رن پیچھے ہے۔ خراب روشنی کے سبب جب تیسرے دن کا کھیل روکا گیا تب ہندوستان کا اسکور 9 وکٹ کے نقصان پر 358 رن تھا۔ نتیش کمار ریڈی 105 رن بنا کر اور محمد سراج 2 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ نتیش کمار نے 176 گیندوں کا سامنا کیا ہے اور اب تک 10 چوکوں کے ساتھ ایک چھکا بھی لگایا ہے۔

نتیش کمار ریڈی نے نویں نمبر پر بلے بازی کرنے کے لیے اترے واشنگٹن سندر کے ساتھ آٹویں وکٹ کے لیے 127 رنوں کی شراکت داری کی جو کہ ہندوستان کے لیے آٹھویں وکٹ کے لیے اب تک کی دوسری سب سے بڑی شراکت داری ہے۔ لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں ایسا پہلی بار ہوا جب کسی ٹیم کے آٹھویں اور نویں نمبر کے بلے بازوں نے 150 سے زیادہ گیندیں کھیلی ہوں۔ دونوں کی شراکت داری 285 گیندوں کی رہیں، یعنی تقریباً 48 اوورس ان دونوں نے مل کر بلے بازی کی۔ واشنگٹن سندر 162 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 50 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں