ماں کی لاش کے ساتھ دو بیٹیوں نے 9 دن گذار دیئے! سکندرآباد میں دل دہلادینے والا واقعہ

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں انتہائی دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا۔ ماں کی لاش کے ساتھ دو بیٹیاں 9 دن تک گھر میں ہی رہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سکندرآباد کے وارث گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ اپنی ماں کی موت کے بعد صدمہ سے دوچار دو بیٹیوں نے لاش کے ساتھ گھر میں ہی 9 دن گزار دیئے۔ مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق للیتا کی شادی 26 سال قبل عثمانیہ یونیورسٹی میں کام کرنے والے راجو سے ہوئی تھی۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں، راولیکا اور یشویتا۔ 2020 میں میاں بیوی کے درمیان اختلافات کے باعث راجو نے گھر چھوڑ دیا تھا۔ تب سے، للیتا اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ رہ رہی تھی۔ بڑی بیٹی راولیکا کپڑے کی دکان میں کام کرتی ہے، جبکہ چھوٹی بیٹی یشویتا اپنی ماں کے ساتھ فنکشن ہال میں کام کیا کرتی تھی۔ للیتا کی اچانک موت کے بعد صدمہ سے دوچار دونوں بیٹیاں لاش کے ساتھ گھر میں 9 دن تک رہیں۔

اس دوران غمگین و مایوسی کا شکار بہنوں نے خودکشی کرنے کی بھی کوشش کی۔ ماں کی موت کے بعد ان کے پاس آخری رسومات ادا کرنے تک کے پیسے نہیں تھے اور نہ ہی کوئی رشتہ دار ان سے رابطہ میں تھے۔ اسی حالت میں انہوں نے اپنی ماں کی لاش کے پاس 9 دن گزارے۔

بالآخر ہمت جٹاکر جمعہ کے روز دونوں بیٹیوں نے پڑوسیوں کو اپنی ماں کی موت کی اطلاع دی۔ جس کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے فوری طور پر لاش کو پوسٹ مارٹم کےلئے گاندھی اسپتال بھیج دیا۔ پولیس دونوں لڑکیوں سے پوچھ گچھ کررہی ہے، تاہم کئی دنوں سے بھوک کی وجہ سے وہ کچھ بھی بتانے کی حالت میں نہیں ہیں۔ انسپکٹر سیدولو نے دونوں لڑکیوں کےلئے غذا کا انتظام کیا اور عنبرپیٹ میں ایک رشتہ دار کو للیتا کی آخری رسومات کےلئے راضی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں