ٹرمپ کے بیانات گہری جہالت کی عکاسی کرتے ہیں، نقل مکانی کے منصوبے کو ناکام بنا دیں گے

حیدرآباد (دکن فائلز) فلسطین میں اسلامی مزاحمتی تحریک ’حماس‘ کے سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشق نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے “غزہ پر کنٹرول” کے حوالے سے بیانات فلسطین اور خطے کے بارے میں الجھن پیدا کرنے اور گہری جہالت کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا کہ غزہ کسی بھی فریق کے لیے مشترکہ سرزمین نہیں ہے کہ وہ کنٹرول کا فیصلہ کرے، بلکہ یہ ہماری مقبوضہ فلسطینی سرزمین کا حصہ ہے۔کوئی بھی حل اسرائیلی قبضہ کو ختم کرنے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے حصول پر مبنی ہونا چاہیے، نہ کہ کسی رئیل اسٹیٹ ڈیلر کی ذہنیت اور طاقت کے تسلط کی ذہنیت پر فلسطین پر قبضہ کی سازش رچائی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات ایک بار پھر اور ہمارے عوام اور ان کے جائز حقوق کے خلاف صہیونی جارحیت کے ساتھ مکمل امریکی تعصب کا ثبوت پیش کرتے ہیں۔ حماس رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے فلسطینی عوام اور ان کی زندہ قوتیں، ہماری عرب اقوام ،عالم اسلام اور دنیا کے آزاد عوام کی حمایت سے جلا وطن کرنے اور ملک بدری کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ “امریکہ غزہ کی پٹی کا کنٹرول سنبھال لے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں