حیدرآباد (دکن فائلز) بالی ووُڈ کے معروف اداکار عامر خان نے 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پی کے‘ پر مذہب مخالف ہونے اور ’لو جہاد‘ کو فروغ دینے کے الزامات کو ایک بار پھر سختی سے مسترد کر دیا۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے مسلمان ہونے اور ہندوستانی ہونے پر فخر ہے‘۔
انہوں نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی مذہب کے خلاف نہیں ہیں، ہم تمام مذاہب اور مذہبی لوگوں کا احترام کرتے ہیں، اس فلم کا صرف ایک پیغام تھا، ہمیں ان لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہیے جو مذہب کا استعمال کر کے عام لوگوں کو بے وقوف بناتے ہیں اور ان سے پیسے بٹورتے ہیں، ایسے لوگ ہر مذہب میں موجود ہیں۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1934128226349326758
لوجہاد سے متعلق الزام رپ عامر خان نے کہا کہ ’جب دو مختلف مذاہب کے لوگ آپس میں محبت کرتے ہیں اور شادی کرتے ہیں تو وہ لو جہاد نہیں ہوتا، یہ صرف انسانیت ہے جو مذہب سے بلند ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’کیا میری بہنوں اور بیٹی کی ہندو مردوں سے شادیاں بھی لو جہاد کہلائیں گی۔
واضح رہے کہ عامر خان کی بہن فرحت کی شادی راجیف دتہ سے ہوئی جبکہ دوسری بہن نگہت نے سنتوش ہیگڑے سے شادی کی۔ وہیں ان کی بیٹی آئرا خان نے بھی حال ہی میں نپور شکھرے سے شادی کی ہے۔