حیدرآباد (دکن فائلز) اسلام کی خاطر فلم انڈسٹری کو الوداع کہتے ہوئے مفتی انس سے شادی کرنے والی ثنا خان کی والدہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔
ثنا خان نے 2005 میں ایک مختصر بجٹ کی ہندی فلم ‘یہی ہے ہائی سوسائٹی’ سے فلمی نگری میں قدم رکھا اور 50 سے زائد کمرشلز میں کام کیا۔ وہ ‘جرنی بومبے تو گووا’، ‘ہلہ بول’، ‘جے ہو’ اور ‘وجہ تم ہو’ جیسی فلموں میں بھی نظر آئیں تاہم اصل شہرت انہیں بگ باس، جھلک دکھلاجا اور خطروں کے کھلاڑی جیسے ریئلٹی شوز میں شرکت کر کے ملی۔
تاہم سال 2020 سے ان کی انسٹاگرام پوسٹس میں مداحوں نے بڑی تبدیلی کا مشاہدہ کرنا شروع کردیا جب وہ زیادہ تر پوسٹس میں حجاب پہنتی اور مذہبی پوسٹس کرتی نظر آئیں۔ اسی سال ثنا خان نے شوبز کی زندگی کو مکمل ترک کرتے ہوئے دین کی راہ اپنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے 8 اکتوبر 2020 کو اپنے اسے فیصلے کا اعلان انسٹاگرام پر کیا تھا۔
بعدازاں 21 نومبر 2020 کو انہوں نے مذہبی شخصیت مفتی انس سید سے بھارتی شہر سورت میں شادی کرلی تھی۔ جوڑے کے 5 جولائی 2023 کو پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے معروف مذہبی اسکالر طارق جمیل کے نام پر سید طارق جمیل رکھا تھا جس کے بعد رواں سال جنوری میں انہوں نے دوسرے بیٹے کو دنیا میں خوش آمدید کہا تھا۔
اب ثنا خان مکمل طور پر دین اسلام کی راہ پر عمل پیرا ہیں۔ اب ان کی زیادہ تر توجہ اپنے کاروبار، خاندان پر ہے جس کے ساتھ وہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی متحرک ہیں اور مداحوں سے اپنی لائف اپڈیٹس شیئر کرتی رہتی ہیں۔
تاہم آج ثنا خان پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے کیوں کہ ان کی والدہ علالت کے بعد انہیں داغِ مفارقت دے گئیں۔ ثنا خان نے خود ایک پوسٹ کے ذریعہ اس کی جانکاری دی ہے۔
ثنا خان نے اپنے انسٹا گرام پرایک اسٹوری شیئرکی ہے۔ اس پوسٹ میں ثنا خان نے جانکاری دی ہے کہ ان کی ماں نے اس دنیا کو الوداع کہہ دیا ہے۔ ماں کے انتقال کی جانکاری دیتے ہوئے ثنا خان نے لکھا ’’انا للہ وانا الیہ راجعون… میری پیاری ماں محترمہ سعیدہ صحت سے متعلق پریشانی سے جدوجہد کرنے کے بعد اللہ کے پاس واپس لوٹ گئیں۔‘‘
ثنا خان نے مزید لکھا کہ نماز جنازہ عشاء کی نمازکے بعد اوشیوارہ قبرستان میں رات 9:45 بجے ادا کی جائے گی۔ میری ماں کے لئے آپ کی دعائیں مدد گار ہوں گی۔
واضح رہے کہ ثنا خان اپنے پورے خاندان کے ساتھ سفر حج پر تھیں، وہ کچھ روز قبل ہی ہندوستان واپس ہوئیں۔ ثنا خان اور ان کے شوہر نے اس سال بھی حج کیا ہے۔