چین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے افغان شہریوں کو ویزے کا اجراء دوبارہ شروع کر دیں گے جب کہ 98 فیصد افغان درآمدات کو ٹیکس فری کردیا جائے گا۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کےوزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس میں طالبان حکومت کے وزیر خارجہ ملا امیر متقی سے ملاقات کے دوران اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے افغان عوام کے لیے چند اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔
چین کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ہم منصب کو بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو افغانستان تک توسیع دینے کی حمایت کرتے ہیں اور یکم اگست سے افغان شہریوں کو ویزے کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔
چین کے وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی 98 فیصد درآمدات کو بغیر ٹیکس کے ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی اور مزید ایسے اقدامات کیے جائیں گے جس سے جنگ زدہ ملک کے زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچے۔