بالی ووڈ کے معروف اداکار اسرانی 84 برس کی عمر میں چل بسے

حیدرآباد (دکن فائلز) بالی ووڈ کے معروف اداکار اسرانی 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور گزشتہ کئی دنوں سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

یکم جنوری 1940 کو جے پور میں پیدا ہونے والے گووردھن اسرانی کے والد کا قالین کا کاروبار تھا، تاہم انہوں نے خاندانی پیشے میں دلچسپی نہیں لی۔

اسرانی نے ابتدائی تعلیم سینٹ زیویئرز اسکول جے پور سے حاصل کی اور راجستھان کالج سے گریجویشن مکمل کیا۔ بعد ازاں وہ آل انڈیا ریڈیو جے پور سے بطور وائس آرٹسٹ منسلک ہوگئے۔

اسرانی نے فلمی سفر کا آغاز 1967 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہرے کانچ کی چوڑیاں‘ سے کیا، جس میں انہوں نے اداکار بسواجیت کے دوست کا کردار ادا کیا، اسی دوران انہوں نے کئی گجراتی فلموں میں مرکزی کردار بھی نبھائے۔

ان کے فنی کیریئر کا سب سے یادگار کردار فلم ’شعلے‘ میں جیلر کا تھا، جس نے انہیں بالی ووڈ میں ایک منفرد مقام دلایا۔ انہوں نے ہرشیکیش مکھرجی، گلزار اور بی آر چوپڑا جیسے نامور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کیا اور اپنی ورسٹائل اداکاری سے فلمی دنیا میں ایک الگ پہچان بنائی۔

پانچ دہائیوں پر مشتمل اپنے فنی سفر میں اسرانی نے ’میرے اپنے‘، ’کوشش‘، ’باورچی‘، ’پریچے‘، ’ابھی مان‘، ’چپکے چپکے‘، ’چھوٹی سی بات‘، ’رفو چکر‘ اور ’شعلے‘ سمیت درجنوں کامیاب فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

راجیش کھنہ کے وہ نہایت قریبی دوست تھے اور دونوں نے قریباً 25 فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ بعد ازاں نئی نسل کی فلموں ’دھمال‘، ’بھول بھلیاں‘ اور ’بنٹی اور ببلی 2‘ میں بھی انہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا۔

اداکار اسرانی کی موت سے فلم انڈسٹری ایک قابل مزاحیہ اداکار سے محروم ہوگئی ہے جنہوں نے اپنی منفرد اداکاری کے ذریعہ کئی نسلوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں