لیجنڈری اداکار دھرمیندر اسپتال میں زیر علاج، حالت مستحکم؛ مداحوں سے جھوٹی افواہیں نہ پھیلانے کی اپیل

حیدرآباد (دکن فائلز) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کو پیر کے روز طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جس کے بعد مداحوں اور فلم انڈسٹری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ کئی معروف شخصیات اسپتال پہنچ کر اداکار کی خیریت دریافت کرتی نظر آئیں۔

اداکار کے بیٹے اور رکن پارلیمنٹ سنی دیول نے بتایا کہ دھرمیندر کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں۔ سنی دیول کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، ’’مسٹر دھرمیندر کی حالت بہتر ہے اور وہ مشاہدے میں ہیں۔ براہ کرم ان کی صحت سے متعلق غلط افواہیں نہ پھیلائیں اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔‘‘

دھرمیندر کی اہلیہ اور رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے بھی انسٹاگرام پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’’دھرام جی اسپتال میں زیر مشاہدہ ہیں اور ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل ان پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔‘‘

پیر کی شام سنی دیول، بوبی دیول، کرن دیول اور راج ویر دیول سمیت اہل خانہ اسپتال پہنچے، جب کہ سلمان خان، گووندا اور امیشا پٹیل جیسے ستارے بھی عیادت کے لیے آئے۔

دھرمیندر نے اپنے شاندار کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ شولے، سیتا اور گیتا، دوست، جگنو اور پرتگیہ جیسی یادگار فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ 2023 میں وہ راکی اور رانی کی پریم کہانی میں نظر آئے تھے، جبکہ ان کی اگلی فلم اکیس ریلیز کے انتظار میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں