وزیر پنچایتی راج ایرابلی دیاکر راؤ کے بھائی و ٹی آر ایس رہنما ایرابلی پردیپ راؤ کے بہت جلد بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائی کی جارہی ہے جو حکمراں ٹی آر ایس پارٹی کےلیے ایک دھکا سے کم نہیں ہے۔
اطلاعات کے مطابق کچھ روز قبل انہوں نے بی جے پی رکن اسمبلی و سابق وزیر ایٹالا راجندر سے حضورآباد میں ملاقات کی تھی تاہم انہوں نے ورنگل ایسٹ کے بی جے پی رہنماؤں سے بھی فون پر رابطہ قائم کیا جس کی بی جے پی رہنماؤں نے تصدیق کی ہے۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ بہت جلد ایرابلی پردیپ راؤ بی جے پی میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
ایرابلی پردیپ راؤ کی بی جے پی میں شمولیت سے متعلق خبریں سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ پردیپ راؤ قبل ازیں پرجا راجیم پارٹی میں تھے اور دیاکر راؤ، ٹی ڈی پی میں تھے۔
پردیپ راؤ نے ٹی آر ایس پارٹی میں انہیں مناسب مقام نہ دینے کی شکایت کی ہے۔ تلنگانہ میں ایک وزیر کے بھائی کی بی جے پی میں شمولیت سے ٹی آر ایس پارٹی کو زبردست دھکا لگا ہے۔ ذراجئع کے مطابق پردیپ راؤ 7 اگست کو دہلی میں امیت شاہ سے ملاقات کریں گے اور امیت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
واضح رہے کہ کانگریس کے متعدد سینئر رہنماؤں نے بھی بی جے پی میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ وہیں بی جے پی کے ایک سینئر رہنما نے بتایا کہ ٹی آر ایس کے کم از کم 15 اور کانگریس کے 5 سینئر رہنما بہت جلد زعفرانی پارٹی میں شامل ہوں گے۔